سر سے پیر تک مذہب اور روحانیت کے رنگ میں رنگی خاتون اول بشریٰ بی بی عمران خان کو ملنے آنے والی لبرل اورآزاد خیال شخصیات

خاتون اول

پی ایف سی نیوز ! افراط و تفریط ہمارے قومی مزاج کا حصہ ہے۔ اپنے پسندیدہ لیڈر کے اوصاف کو ہم بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور نا پسندیدہ شخص میں ہمیں کوئی خوبی نظر نہیں آتی بلکہ اس کے نقائص اس قدر زیادہ لگتے ہیں کہ اسے ہمارے لیے برداشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نامور کالم نگار سہیل وڑائچ بی بی سی کے لیے اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔ عمران خان ابھی تک حب الوطنی کے ملکی معیار کے عین مطابق چل رہے ہیں۔

عام کھلاڑیوں کے بر عکس عمران خان شروع ہی سے سیاسی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ ان کے کزن اور بہنوئی حفیظ اللہ نیازی یہ بتاتے ہیں کہ عمران ہجوم کو دیکھ کر فوراً بتا دیتے ہیں کہ اس میں کتنا جوش و جذبہ ہے۔سرحدی دباؤ اور معاشی بحران کے اس دور میں سیاسی اتحاد کی ضرورت تھی مگر عمران خان کے احتساب نے سیاسی قوتوں میں نفاق اور کشیدگی پیدا کی ہےعمران خان اپنے سیاسی تاثر کا خود خیال رکھتے ہیں اس لیے سوشل میڈیا ٹیمز کو اپنے مخالفوں کا تیا پانچہ کرنے اور اپنی حمایت کے لیے دلائل مہیا کرنے کا فریضہ بھی وہ خود ہی انجام دیتے ہیں۔ گویا بیانیے کی جنگ میں ابھی تک انھوں نے اپنے مخالفوں کو شکست دے رکھی ہے۔ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنھوں نے اپنے وزرا پر کڑی نگرانی رکھی ہوئی ہے۔

ہر وزیر کے بارے میں رپورٹس وہ خود دیکھتے ہیں اور جس کسی کی غلطی ہو اسے ڈانتے، سمجھاتے اور بعض اوقات ناراض بھی ہوتے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے زیادہ تر وزرا اس لیے ناراض ہیں کہ وہ ان سرکاری سمریوں کو منظور نہیں کرتے جن کے بارے میں بعد میں مشکوک سوال اٹھ سکتے ہیں۔ عمران رولز اینڈ ریگولیشنز کا مکمل خیال رکھتے ہیں۔واقفان حال بتاتے ہیں کہ اکیلے رہنے سے عمران خان میں جو کمزوریاں پیدا ہو گئیں تھیں وہ بشریٰ عمران سے شادی کے بعد کافی حد تک دور ہو گئی ہیں۔ بیگم صاحبہ نے گھر کے ماحول کو مذہبی اور روحانی بنا دیا ہے۔روحانی سلاسل کے لوگوں کو ماہ رمضان میں عالم عرب کی اعلیٰ ترین کھجوروں کے خوبصورت تحائف بھیجے گئے جن پر بیگم صاحبہ اور وزیر اعظم کے نام درج تھے۔

بیگم بشریٰ عمران آزاد خیال اور غیر مذہبی وزرا کی سرگرمیوں سے بھی وزیر اعظم کو با خبر رکھتی ہیں۔وزیر اعظم کی کرپشن کے خلاف جنگ اور پھر اس میں کسی مصلحت سے کام نہ لینا ان کی شخصیت اور شہرت کی پہچان بن چکی ہے۔ اسی طرح غریبوں سے ان کی محبت اور نام نہاد اشرافیہ سے ان کی نفرت بھی ان کی شخصیت کی مثبت علامتوں میں سے ہے۔غریبوں کے لیے کیش احساس پروگرام اور ان کے لیے مسلسل ہمدردی کے بول ان کے دل کی آواز لگتے ہیں۔اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وہ نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ اس لیے ان کا جب بھی ذکر ہوتا ہے ان کے لہجے میں ہمدردی کو واضح طور پر محسوس کیا جاسکتا ہے۔عمران خان اب کرشماتی ہیرو کے ساتھ ساتھ وزیراعظم پاکستان بھی ہیں۔

اس لیے ان کی شخصی اور حکومتی خامیوں کا احاطہ کرنا بھی ضروری ہے۔بطور وزیر اعظم پاکستان عمران خان معیشت کے پہیے کو چلانے میں کامیاب نہیں ہوئے نہ ہی وہ تاجروں اور صنعت کاروں کو یہ اعتماد دے سکے ہیں کہ ملک کی فضا سرمایہ کاری کے لیے سازگار ہے۔یہی معاملہ طرز حکمرانی کا بھی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی کا انتخاب نہ تو پاکستان کے اداروں کو پسند آیا اور نہ ہی اسے کسی بھی میرٹ پر پرکھا جا سکتا ہے۔کابینہ پر کڑی نگرانی کے باوجود وزیر اعظم وہ نگاہ دور بین نہیں رکھتے جو جس کا کام اسی کو ساجھے کے تحت وزرا میں ذمہ داریاں تقسیم کر سکیں۔ اسد عمر کو وزیر خزانہ لگایا پھر ہٹا دیا، چودھری فواد کو وزیر اطلاعات لگایا پھر فردوس عاشق کو لے آئے۔ اب نئی ٹیم آگئی ہے۔

Leave a Comment